AD Banner

{ads}

( نبی کریم ﷺ پر وحی کتنے طریقوں سے نازل ہوتی تھی؟ )

  ( نبی کریم ﷺ پر وحی کتنے طریقوں سے نازل ہوتی تھی؟ )

السلام علیکم ورحمۃ اللہ و برکا تہ

مسئلہ:۔ کیا فر ما تے ہیں علمائے کرام اس مسئلہ میں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم پر وحی کتنے طریقوں سے نازل ہوتی تھی ؟      المستفتی:۔ فیصل ربانی گونڈوی

وعلیکم السلام ورحمۃ اللہ وبرکاتہ 

بسم اللہ الرحمن الرحیم 

الجواب بعون الملک الوہاب

  حضرت شیخ عبدالحق محدث دہلوی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم پر مختلف طریقوں سے وحی نازل ہوتی تھی۔

اول:۔رویائے صالحہ سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالٰی عنہا کی حدیث میں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو ابتدا میں جوسب سے پہلے ظاہر ہوئی وہ رویائے صالحہ ہے اور ایک روایت یہ بھی ہے ،وکان لایریٰ الاجإٓت مثل فلق الصبح، یعنی حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی رؤیا ایسی ہوتی جیسے صبح صادق کا طلوع ہونا کتابوں میں مذکور یہ کیفیت چھ مہینے رہی ۔

دوم:۔ حضرت جبرئیل علیہ السلام نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے قلب(دل) شریف میں القا ءکرتے تھے بغیر اس کے کہ آپ حضرت جبریل علیہ السلام کو بظاہر دیکھیں ، آپ نے فرمایا میرے دل میں روح قدس نے القاء والہام کیا ہے مثلاً ہرگز اس وقت کوئی نہیں مرے گا جب تک اپنارزق پورا نہ کرلے (الی آخرالحدیث)

سوم:۔حضرت جبرائیل علیہ السلام کسی آدمی کی صورت اختیار کرکے حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آتے اور پیغام الہی کو پہنچاتے تھے تاکہ جو کچھ ارشاد باری ہے اسے یاد فرمائیں اور اکثر    حضرت دحیہ کلبی رضی اللہ تعالٰی عنہ کی صورت میں آتے یہ قبیلہ بنی کلب کے خوبرو(خوبصورت )صحابی تھے ۔

چہارم ، صلصلۃالجرس ، یعنی ریٹ گھنٹی کی مانند آواز سنائی دیتی تھی اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے سوا کوئی دوسرا وحی کے کلمات و معانی کو نہیں سمجھ سکتا تھا۔

پنجم، حضرت جبرائیل علیہ السلام کبھی اپنی اصلی صورت میں مع تین سو پروں کے آتے اور وحی پہنچاتے تھے جیسا کہ سورۃ النجم میں مذکور ہے علماء فرماتے ہیں کہ ایسا دوبارہوا تھا۔

ششم، اللہ تعالٰی نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم پر اس حالت میں وحی فرمائی  جبکہ آپ آسمانوں کے اوپر تھے نماز وغیرہ کی  اسی طرح فرمائی تھی۔

ہفتم، حق تعالٰی کا حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے براہ راست کلام فرمانا ہے جس طرح کہ حضرت موسٰی علیہ السلام سے کلام فرمایا۔

ہشتم، حق تعالٰی کا حضور سے بے حجاب کلام فرمانا ہے آسمانوں کے اوپر کی وحی کی قبیل سے ہے مثلاً شب معراج دیدار حق تعالٰی میں کلام فرمانا (الاختلاف فیہ)(مدارج النبوت جلددوم صفحہ۵۵؍۵۶؍ایم ایس انصاری پرنٹرس لال کنواں دہلی)

نوٹ:۔ہوسکتا ہے کہ اس کے علاوہ اور بھی اقسام نزول وحی ہوں البتہ اس کتاب میں اتنی ہی عبارت مذکور ہیں۔واللہ اعلم 

کتبہ

عبیداللہ بریلوی 

Post a Comment

0 Comments
* Please Don't Spam Here. All the Comments are Reviewed by Admin.

Top Post Ad

Below Post Ad

AD Banner

Google Adsense Ads